کوئٹہ(آن لائن) عوامی نیشنل پارٹی کے سابقہ پارلیمانی لیڈر انجینئرزمرک خان اچکزئی نے کہا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی برسراقتدار آکر عوام کو روزگار کے مواقع میسر کریں گے اور پشتون علاقوں کو ترقی اور خوشحالی دیں گے اور قبائلی تنازعات کو ختم کرکے علاقے میں امن کو فروغ دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق حلقہ انتخاب کے موقع پر مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے زمرک خان کا کہناتھا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے پشتون عوام کے حقوق کے لئے ہر قسم کی قربانی دی ہے اور پارٹی قیادت کو قربان کر دیا اب پشتون عوام کو حقائق کو جاننا ہوگا کہ کون سی جماعت پشتونوں کے حقوق کے لئے جدوجہد کررہی ہے؟ کیونکہ پشتونوں کے حقوق کے لئے جو قربانیاں عوامی نیشنل پارٹی نے دی ہیں کسی بھی سیاسی جماعت نے نہیں دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپوزیشن ہو یا اقتدار میں ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے اور آئندہ بھی بلاامتیاز عوام کی خدمت کو جاری رکھیں گے عوامی نیشنل پارٹی عام انتخابات میں عوامی طاقت سے ہی ان سیاسی قوتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ،جنہوں نے ہمیشہ پشتونوں کے نام پر سیاست کرکے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے ہمارے پشتون علاقوں کو ایک سازش کے تحت پسماندہ رکھا گیا ہے کہ اب وقت آنے پر ان سے ضرور حساب لیا جائے گا۔