عمران خان کا نظریہ لے کر آج پاکستان کے عوام اس کرپٹ نظام کے خلاف متحد ہورہے ہیں:اسد عمر
کراچی (این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی اسد عمرنے کہا ہے کہ عمران خان کا نظریہ لے کر آج پاکستان کے عوام اس کرپٹ نظام کے خلاف متحد ہورہے ہیں،اپنے آنے والے کل کو بہتر بنانے کیلئے طلباء پر لازم ہے وہ پاکستان کی ترقی او ر خوشحالی میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی یونیورسٹی میں کامرس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے منعقدہ طلباء کے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر کا کہناتھا کہ زندگی میں بڑے کام کرنے کے لئے ایک مضبوط ارادے کی ضرورت ہوتی ہے۔ پاکستان کی سیاست میں نظریہ پر یقین رکھنے والے لوگ بہت کم ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت سیاسی نظا م کے اندر کرپٹ لوگوں کی بھرمار ہے جو اپنی ذات کو ملک اور معاشرے سے زیادہ اہمیت دیتے ہیں ۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان وہ واحد لیڈر ہیں جو شروع سے آج تک اپنے نظریہ پر قائم رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ آج عمران خان کا نظریہ لے کر آج پاکستان کے عوام اس کرپٹ نظام کے خلاف متحد ہورہے ہیں جبکہ ایسے حالات میں طلباء کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے اندر سیاسی شعور کو بیدار کریں کیونکہ ہر معاشرے کی ترقی میں طلباء کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے۔ پڑھے لکھے نوجوانوں کافرض بنتا ہے کہ وہ اچھے اور برے میں فرق جان لیں۔