عمران خان نے نفرت کا بیج بونے کی کوشش کی ، پرویز خٹک پاکستان کیلئے سیکیورٹی رسک ہیں :عابد شیر علی

فیصل آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیرمملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ عمران خان کے دائیں اور بائیں چور ڈاکو اور ٹیکس چورکھڑے ہیں جبکہ شیخ رشید سب سے بڑا ڈاکو ہے ۔ عمران خان چار روز تک بزدلوں کی طرح بنی گالہ میں رہے اور کارکن باہر مار کھاتے رہے ۔شیخ رشید نواز شریف کا چپڑاسی بننے کے قابل بھی نہیں تھا ۔ عمران خان نے نفرت کا بیج بونے کی کوشش کی اور فوج کو سیاست میں شامل کرنا چاہتے ہیں ۔
فیصل آباد میں فیسکو آفس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ ہم نے ماضی میں جابر حکمرانوں کا مقابلہ کیا ، شیخ رشید نے پرویز مشرف کے ساتھ ملکر نواز شریف کا احتساب کیا ۔پرویزخٹک پاکستان اورخیبرپختونخواکیلئے سیکیورٹی رسک ہیں،پرویزخٹک ریاستی اداروں پرحملہ آورہوئے اور ملک میں صوبوں کو لڑانے کی کوشش کی گئی اور گھٹیا زبا ن استعمال کی ۔
عابد شیر علی کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کی فیملی کڑے احتساب سے گزری ہے ، جب وزیر اعظم نوازشریف کی حکومت پر شب خون مارا گیا تب شیخ رشید اکرم شیخ کے چیمبر میں جا کر اپنی فائلیں دکھاتا تھا اور کرپشن چھپانے کی کوشش کرتا تھا ۔شیخ رشید ، جہانگیر ترین اور علیم خان مشرف کی کابینہ کے ارکان تھے جبکہ پی ٹی آئی کے لوگ مشرف کے کارواں میں شامل تھے ۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان چند علاقوں کی سیاست کرتے ہیں ، ہمیں اپنی فوج پر فخر ہے جو جنرل راحیل شریف کی قیادت میں مثالی کردار ادا کر رہی ہے تاہم چند لوگ روزانہ ٹی وی پر بیٹھتے ہیں اور حکومت کو گرا دیتے ہیں ۔