لاہور(نیوز وی او سی آن لائن)پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صدر سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ عمران خان نے غیر مشروط طور پر بلوچستان کے امیدوار کو سپورٹ کر کے نواز شریف کو پہلی سیاسی شکست دی ہے ،نواز شریف نے بلوچستان کو جس طرح نظر انداز کیا اور زیادتیاں کی اس کا جواب سینیٹ الیکشن تھا ۔
مینار پاکستان میں بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سردار یار محمد رند نے کہا کہ آصف زرداری کے سینیٹ الیکشن کے حوالے سے دعوے اور بیانات صرف اخباری بیانات ہیں ،مسلم لیگ ن کو شکست تحریک انصاف نے دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو متحد رکھنے کے لئے پاک فوج کے جوان بڑی قربانیاں دے رہے ہیں ،نواز شریف پاکستان دشمنوں کے ساتھ ملک کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں ،ملک دشمنوں قوتوں جنہوں نے پاکستان کے خلاف سازشیں کیں نواز شریف انہیں گلے لگا رہے ہیں ،ملک کا مستقبل بلوچستان اور عمران خان سے وابستہ ہے ۔