کراچی (نیوز وی او سی آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ عمران خان کا فرمان تھا کہ لیڈر کرپٹ ہو تو ارکان کرپٹ ہوتے ہیں، ایم پی ایز پر الزام لگا کر عمران خان نے خود کرپٹ ہونے کا اعتراف کر لیا۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولا بخش چاندیو کا کہنا تھا کہ عمران خان اور مسلم لیگ (ن) منافقت کی سیاست کر رہے ہیں، ن لیگ بتائے کہ ان کا سینیٹر خیبر پختونخوا سے کیسے جیتا؟انہوں نے کہا کہ عمران خان سینیٹ الیکشن متنازعہ بنا کر لیگی ایجنڈا پورا کر رہے ہیں، جو جماعتیں ارکان کوعزت نہ دیں ان کا حشر یہی ہوتا ہے جو خیبر پختونخواہ اسمبلی کے 20 اراکین کے ساتھ ہوا۔
خیال رہے کہ گذشتہ دنوں تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے سینیٹ الیکشن میں اپنا ووٹ بیچنے والے پی ٹی آئی کے بیس ارکان کے نام بتاتے ہوئے کہا تھا کہ ان افراد کو شوکازنوٹس دے رہے ہیں، اگر انہوں نے وضاحت نہ دی توان کو پارٹی سے نکال دیں اور ان کے نام نیب کو دیں گے۔