علم سے مالا مال قومیں ہی ترقی کرتی ہیں ،صدر ممنون
اسلام آباد (نیوز وی او سی ) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ترقی اور خوشحالی کا راز انسانی وسائل کی ترقی اور بہتر تربیت میں پوشیدہ ہے ،جدید علوم کے ذریعے ہم وسائل کو بروئے کار لا کر حیرت انگیز ترقی کر سکتے ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز قراقرم یونیورسٹی کے ہنزہ کیمپس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر گورنر گلگت بلتستان غضنفر علی خان ، قراقرم یونیورسٹی کے قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر خلیل احمد ، اساتذہ اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد بھی موجود تھی، طلباء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا میں وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جو علم کی دولت سے مالا مال ہوتی ہیں،محدود قدرتی وسائل والی قوموں کا شمار بھی دنیا کی امیر ترین قوموں میں ہونے لگا ہے اس طرح گلگت بلتستان کو اللہ تعالی نے بے پناہ قدرتی وسائل سے نوازا ہے جس کی اہمیت کا ہمیں اندازہ ہونا چاہئے ۔