پاکستان

علامہ مرزا یوسف حسین کو حراست میں لے لیا گیا

کراچی: قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ناظم آباد کے علاقے میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران علامہ مرزا یوسف حسین کو حراست میں لے لیا۔
مجلس وحدت المسلمین کے ترجمان نے ڈان کو بتایا کہ پولیس نے ہفتے کی شب علامہ مرزا یوسف حسین کو ان کی رہائش گاہ سے حراست میں لیا جو جامع مسجد نورِ ایمان سے ملحق ہے۔
علامہ یوسف حسین اس مسجد کے پیش امام اور آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی کے سربراہ بھی ہیں۔
مجلس وحدت المسلمین کے رہنما احمد اقبال رضوی نے اپنے بیان میں مذہبی اسکالر مرزا یوسف حسین کو حراست میں لیے جانے کی مذمت کی اور کہا کہ ’عزا داروں کا قتل اور شیعہ رہنماؤں کو حراست میں لینا کراچی آپریشن کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے‘۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں کومبنگ اور سرچ آپریشنز کے دوران دیگر متعدد افراد کو بھی حراست میں لیا گیا۔
واضح رہے کہ جمعے کے روز کراچی کے تین مختلف علاقوں پٹیل پاڑہ، شفیق موڑ اور نارتھ ناظم آباد میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات پیش آئے تھے جن میں کالعدم اہل سنت والجماعت کے 4 کارکنان سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
ان واقعات کے بعد رینجرز اور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب نیو رضویہ سوسائٹی سے پیپلز پارٹی کےسابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کو حراست میں لے لیا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button