انٹرنیشنل

عرب ممالک شکایات کی ایک لسٹ تیار کر رہے ہیں‘ جلد ہی قطر کے حوالے کی جائے گی

لندن 18 جون 2017
(بشیر باجوہ بیورو چیف نیوز وائس آف کینیڈا)
عرب ممالک شکایات کی ایک لسٹ تیار کر رہے ہیں‘ جلد ہی قطر کے حوالے کی جائے گی‘ سعودی عرب کے ساتھ بحرین، عرب امارات اور مصر لسٹ کی تیاری میں شامل ہیں۔ ایسا نہیں ہو سکتا کہ قطر دہشت گردی کی فنڈنگ بھی کرے اور اس کے ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات بھی ہوں۔سعودی وزیرِ خارجہ عادل الجبیرکی لندن میں پریس کانفرنس
سعودی وزیرِ خارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ چارعرب ممالک اپنی شکایات کی ایک لسٹ تیار کر رہے ہیں جو جلد ہی قطر کے حوالے کی جائے گی۔واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں سعودی عرب، مصر، متحدہ عرب امارات، بحرین، لیبیا اور یمن نے یہ کہہ کر قطر کے ساتھ سفارتی تعلقات مقطع کردیے تھے کہ وہ اخوان المسلمون کے علاوہ دولت اسلامیہ اور دیگر شدت پسند تنظیموں کی حمایت کرتا ہے۔
لندن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی وزیرِ خارجہ نے یہ تنبیہہ بھی کی کہ ایسا نہیں ہو سکتا کہ قطر دہشت گردی کی فنڈنگ بھی کرے اور اس کے ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات بھی ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ قطر کو ان مطالبات کے ردِعمل میں دہشت گردی اور انتہ اپسندی کی حمایت کو روکنا چاہیے اور اور یہ صرف خلیجی ممالک ہی نہیں پوری دنیا کے مطالبات ہیں۔
خلیج کے سیاسی بحران کو دیکھتے ہوئے گذشتہ روز امریکی وزیرِ خارجہ ریکس ٹیلرسن نے میکسیکو کا طے شدہ دورہ ملتوی کر دیا ہے۔ اس کا مقصد واشنگٹن میں رہ کر سفارتی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے کام کرنا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ نے اپنے حالیہ بیان میں کہا ہے کہ ٹیلرسن کشیدگی کی شدت کو کم کرنے کے لیے خلیجی اور خطے کے ممالک سے انفرادی ملاقاتوں اور ٹیلی فونک رابطوں کی صورت میں اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔
سعودی وزیرِ خارجہ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ چار عرب ممالک کی جانب سے بنائی جانے والی لسٹ مطالبات نہیں بلکہ شکایات ہیں جنھیں قطر کو دیکھنے اور ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔انھوں نے بتایا کہ سعودی عرب کے ساتھ بحرین، عرب امارات اور مصر اس لسٹ کی تیاری میں شامل ہیں اور یہ جلد ہی تیار ہو جائے گی۔جلیجی ممالک کے تعاون کی تنظیم جی سی سی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سعودی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ قطر کے عوام کو نقصان پہنچانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
بہت ہو گیا اور ہمارے قطری بھائی انتہا پسندی کی امداد کو جاری نہیں رکھ سکتے اور دہشت کو بڑھا نہیں سکتے۔ اور دوسرے ممالک میں مداخلت کے لیے میڈیا کا استعمال نہیں کر سکتے۔ سعودی وزیرِ خارجہ نے قطر کی جانب سے مثبت ردِعمل کی توقع ظاہر کی۔اگرچہ ان کی جانب سے چار ممالک کے مطالبات کی فہرست کی تفصیلات تو فراہم نہیں کی گئیں تاہم منگل کو متحدہ عرب امارات کے امریکہ میں موجود سفیر نے انھی مطالبات کے حوالے سے کہا تھا کہ یہ دہشت گردی کی معاونت کے تین پہلوو¿ں پر ہوں گے جن میں چار ممالک کے داخلی معاملات میں دخل اندازی اور قطری میڈیا کے ذریعے انھیں نشانہ بنانا شامل ہیں۔
یاد رہے کہ ایران اس بحرانی صورتحال میں قطر کی حمایت کر رہا ہے اور اس کی جانب سے قطر کو امدا فراہم کی جا رہی ہے۔قطر نے ایف 15 طیارے خریدنے کے لیے امریکہ کے ساتھ 12 ارب ڈالر کا معاہدہ بھی کیا ہے۔ تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ قطر پر عائد الزامات میں خلیجی ممالک کی حمایت کر رہے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button