عراق میں داعش کے حملے میں14 افراد ہلاک ،
بغداد 010جون 2017
(بشیر باجوہ نیوز وائس آف کینیڈا)
عراق میں داعش کے حملے میں14 افراد ہلاک ، داعش کی سفاکیت کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا
داعش نے موصل میں جنسی غلام بننے سے انکار پر 19یزیدی لڑکیوں کو زندہ جلا دیا
عراقی شہر تکریت میں داعش کے حملے میں14 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ داعش کی سفاکیت کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا، موصل شہر میں شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ (داعش) نے جنسی غلام بننے سے انکار پر 19یزیدی لڑکیوں کو زندہ جلا کر قتل کردیا۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق عراقی شہر تکرت کے قریب ایک قصبے میں ہفتے کی صبح شدت پسند تنظیم اسلامک اسٹیٹ کے ایک حملے میں کم از کم 14 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ شدت پسندوں نے شرقت نامی قصبے کو ہفتے کی علی الصبح نشانہ بنایا۔ اس علاقے میں جہادیوں اور حکومت کے حامی مسلح گروپوں کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں۔ عراقی فورسز نے دارالحکومت بغداد سے 280 کلومیٹر شمال میں واقع شرقت نامی علاقے سے گزشتہ برس ستمبر میں جہادیوں کو پسپا کیا تھا، تاہم اکتوبر سے اب تک جہادی کئی مرتبہ اس علاقے پر حملہ کر چکے ہیں۔ ادھر عراق کے شہر موصل میں داعش نے گروپ کے جنگجوئوں کے ساتھ جنسی تعلقات قائم کرنے سے انکا رپر 19یزدی لڑکیوں کو ایک پنجرے میں بند کرکے کھلے میدان میں سینکڑوں افرا دکی موجودگی میں زندہ جلا دیا۔ رپورٹس کے مطابق داعش نے ہزاروں یزیدی خواتین اور لڑکیوں کو گرفتارکررکھا ہے جنھیں وہ جنسی غلام کے طور پر استعمال کررہے ہیں۔