عدلیہ کو اپنے دائرے میں رہنا چاہیے، اعتزاز احسن
اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزازاحسن کا کہنا ہے کہ نواز شریف ’میرے عزیز ہم وطنو‘ کی طرف جارہے ہیں جب کہ فرحت اللہ بابر کے بیان کی توثیق کرتا ہوں۔
سینیٹ میں الوداعی خطاب کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ نواز شریف میرے عزیز ہم وطنو کی طرف جارہے ہیں، ہم اس نظام کے بگڑے ہوئے لاڈلے ہیں، ہمیں جج صرف ملک قیوم جیسے اور بیورو کریٹ صرف احد چیمہ جیسے چاہییں، پنجاب بغاوت کرے تو ٹھیک مگر بلوچستان میں پتا ہلے تو بندہ اٹھا لو، یہ تضاد کیوں ہے۔ انہوں نے فرحت اللہ بابر کے بیان کی حمایت کرتے ہوئے کہا فرحت اللہ بابر کے ایوان بالا میں دیے گئے بیان کی مکمل توثیق کرتا ہوں کہ فوج کو طالع آزمائی نہیں کرنی چاہیے۔
اعتزاز احسن نے ملکی اداروں کی کارکردگی پر نکتہ چینی بھی کی اور کہا کہ دوسروں کی غلطیاں نکالنے سے بہتر ہے سب اداروں کو خود احتسابی کرنی چاہیے، جج قلم کے استعمال کی بجائے زبان کا استعمال کرکے حدود سے تجاوز کرتے ہیں، عدلیہ کو اپنے دائرے میں رہنا چاہیے، جب ججز اپنے فیصلے میں شاعری لکھتے ہیں تو خوف آتا ہے۔
اعتزاز احسن نے لیگی رہنماؤں کے بیانات پر بھی شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مجھے نہال ہاشمی کی سمجھ نہیں آئی انہیں ہوا کیا، رہائی کے بعد جس قسم کی زبان انہوں نے استعمال کی وہ ناقابل بیان ہے۔