ایڈیٹرکاانتخاب

عدالت کے بہت سے فیصلے تاریخ بھی قبول نہیں کرتی: وزیر اعظم

عدالت کے بہت سے فیصلے تاریخ بھی قبول نہیں کرتی: وزیر اعظم
وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کہتے ہیں کہ عدالتوں کے فیصلے متنازع بھی بن جاتے ہیں لیکن عوام کے فیصلے سر آنکھوں پر ہوتے ہیں ،عدالت کے بہت سے فیصلے تاریخ بھی قبول نہیں کرتی۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ڈی جی خان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہم نے ہمیشہ عدالتوں کی عزت کی آئندہ بھی کرتے رہیں گے،یقین ہےکہ آئندہ الیکشن میں بھی اس علاقے سے ن لیگ کامیاب ہوگی،مسلم لیگ ن اور نوازشریف کی کارکردگی عوام کےسامنے ہے۔
انہوں نے کہا کہ 20سال بعد ڈی جی خان آنے پر خوشی ہے، مسلم لیگ ن کو کام نہیں کرنے دیا گیا، کبھی دھرنے ہوئے کبھی عدالتوں میں گھسیٹا گیا،عجیب روایت ہے کہ جو کام کررہا ہوں اسےعدالتوں میں گھسیٹا جائے اور عہدوں سے ہٹایا جائے، سیاست کے فیصلے پولنگ اسٹیشن میں ہونے دیں ۔
وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ جب تک سیاسی استحکام نہیں ہوگا ملک ترقی نہیں کرے گا، عدالت کے فیصلے پر اپیل بھی ہوسکتی ہے، اگر جولائی میں بہتر فیصلہ کریں گے تو ترقی کاسلسلہ چلتا رہےگا، ہمیں جب کسی نے پتھر مارا جواب میں ہم نے پھول برسائے، زرداری نے ملک کےساتھ جو کیا سب جانتے ہیں ،پندرہ سال کی خرابیاں پانچ سال میں دور نہیں ہوتیں۔
شاہد خاقان نے کہا کہ ڈی جی خان کے ایئرپورٹ کا نام فاروق احمد خان لغاری کے نام سے منسوب ہوگا، جتنے کام پنجاب میں ہوئے اس کے دس فیصد بھی دیگر صوبوں میں نہیں ہوئے، آپ سے پوچھتا ہوں کیا سینیٹر وہ لوگ ہونےچاہییں کہ جو پیسے دے کر سینیٹ میں آئے؟کیا ایوان بالا کا چیئرمین وہ شخص ہو جو پیسے دے کر آیا ہو؟یہ وہ برائی ہے جو ہمیں دور کرنی ہے ۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ دعوے سےکہتا ہوں مسلم لیگ ن نے سینیٹ الیکشن پر ایک پیسہ خرچ نہیں کیا ،ٕمخالفین حلفیہ بیان دے دیں کہ انہوں نے سینیٹر بنانے میں کوکئی پیسہ خرچ نہیں کیا،چیئرمین صاحب بیان دیں کہ انہوں نے چیئرمین بننے کے لیے کسی سینیٹر کو پیسے نہیں دیے،مخالفین کہتے ہیں وزیراعظم سینیٹ معاملات میں مداخلت نہ کریں ۔
وزیراعظم کا یہ بھی کہنا ہے کہ میں یہ مداخلت بار بار کرتارہوں گا،جولائی میں ثابت کرنا ہے کہ ایسی سیاست کو ختم کرنا ہوگا ،جس ملک میں دو نمبر لوگ اعلیٰ عہدوں پر بیٹھے ہوں وہ ترقی نہیں کرسکتا ،ضمیر بیچنےوالے عوام کے نمائندے نہیں ہوسکتے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button