عدالت نے قبر پرسبزیاں اگانے کی اجازت دے دی
برلن: جرمن صوبے اوبر بائرن کے شہر نوئیبرگ کی عدالت نے ایک مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے قبر پر ٹماٹر یا دیگر سبزیاں اگانے کی اجازت دے دی ہے۔
یہ دلچسپ قصہ گزشتہ سال اس وقت شروع ہوا جب نوئیبرگ کی ایک رہائشی خاتون نے وہاں کے ایک مقامی قبرستان میں اپنی دادی اور دادا کی قبروں پر ٹماٹروں کے پودے لگا دیئے جنہیں دیکھ کر ایک اور خاتون نے شدید اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ آج وہ اپنے دادا اور دادی کے ساتھ گزارے ہوئے خوشگوار وقت کی یادیں تازہ کرنے کے لیے ان کی قبروں پر ٹماٹر اُگا رہی ہیں جنہیں دیکھ کر کل کوئی کسی دوسری قبر پر مولیاں بھی اُگا سکتا ہے۔
اعتراض سے شروع ہونے والی یہ لڑائی انتہائی شدید ہوگئی اور نوبت عدالت تک جا پہنچی جہاں تفصیلی سماعت کے بعد جج صاحبان نے قبروں پر صرف ٹماٹر ہی نہیں بلکہ کوئی سی بھی دوسری سبزی اُگانے کی باضابطہ اجازت دے دی۔ البتہ عدالت نے یہ بھی کہا ہے کہ ایسا کرتے ہوئے اس بات کا خیال رکھنا ضروری ہے کہ قبر اور قبرستان کی خوبصورتی متاثر نہ ہو، یعنی قبر پر ٹماٹر یا کوئی بھی سبزی انتہائی سلیقہ مندی سے اگائی جائے۔