عام انتخابات پر 20 ارب روپے کی لاگت آئے گی
عام انتخابات 2018 ء کی تیاریاں عروج پر ہیں، الیکشن کمیشن نے عام انتخابات پر اخراجات کا ابتدائی تخمینہ لگا لیا۔
الیکشن کمیشن کےذرائع کے مطابق عام انتخابات میں 20 ارب روپے سے زائد لاگت آنے کا امکان ہے،بیلٹ پیپر کے کاغذ اور چھپائی پر ڈھائی ارب سے زائد اخراجات کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
ذرائع الیکشن کمیشن نے مزید بتایا کہ خصوصی فیچر والے بیلٹ پیپر کی خریداری اور چھپائی پر 2 ارب سے زائد اخراجات کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
ذرائع الیکشن کمیشن نے بتایا ہے کہ عام انتخابات میں سیکیورٹی کے لیے 1 ارب روپے سے زائد رقم مختص کی گئی ہے، جبکہ انتخابی عملے کو معاوضے کی مد میں 6 سے 7 ارب کے اخراجات کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
پولنگ میٹریل پر 1 ارب سے زائد اخراجات آنے کا امکان ہے، ٹرانسپورٹیشن کی مد میں بھی 1 ارب سے زائد اخراجات کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
ذرائع الیکشن کمیشن نے یہ بھی بتایا ہے کہ وزارت خزانہ انتخابی اخراجات کے لیے بروقت فنڈ فراہم کر رہی ہے۔