Draft

عامر خان کی فلم ’’دنگل‘‘ مشکل میں پھنس گئی

ممبئی: بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامرخان کی فلم ’’دنگل‘‘ میں سابق ریسلراور کوچ پی آر سوندھی نے اپنا منفی کردار دکھانے پر فلم کے خلاف مقدمہ درج کرانے کا اعلان کیا ہے۔
بالی ووڈ فلم ’’دنگل‘‘ نے ریلیز ہوتے ہی باکس آفس پر دھوم مچادی ہے اور فلم نے کمائی کے کئی ریکارڈ اپنے نام کرتے ہوئے بھارت میں 155 کروڑ اور دنیا بھر میں 94 کروڑ کا بزنس کرلیا ہے جب کہ فلم کی نمائش کامیابی کے ساتھ جاری ہے اور فلمی پنڈتوں نے دنگل کی رواں سال کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم کی پیش گوئی بھی کردی ہے لیکن اب فلم قانونی مسائل کا شکار ہوگئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عامر خان کی فلم ’’دنگل‘‘ قانونی مسائل میں الجھ گئی ہے اور حقیقی زندگی میں خاتون پہلوان گیتا پھوگاٹ کے کوچ اور سابق ریسلرپی آر سوندھی نے فلم میں اپنا منفی کردار دکھانے پر فلم کے خلاف مقدمہ درج کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد جلد ہی عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔
پی آر سوندھی کا کہنا تھا کہ فلم میں مجھے ولن بنا کر پیش کیا گیا ہے حالانکہ حقیقی زندگی میں ایسا کچھ بھی نہیں تھا جب کہ فلم کی شوٹنگ کے دوران ہدایتکار اور عامر خان سے ملاقات بھی ہوئی تھی لیکن انہوں نے میرے کردار کے حوالے سے کوئی بات بھی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنا کردار غلط دکھانے پر فلمسازوں پرجلد ہی مقدمہ درج کرانے کی درخواست دوں گا۔
واضح رہے کہ اداکار عامر خان نے فلم’’دنگل‘‘ میں پہلوان کا کردار ادا کیا ہے اور فلم حقیقی زندگی پر مبنی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Check Also
Close
Back to top button