عالم اسلام میں بد امنی و خون ریزی ہر مسلمان کے لئے باعث اذیت :علامہ طاہر اشرفی
لاہور (نیوز وی او سی آن لائن) عالم اسلام با لخصوس مقبوضہ کشمیر، افغانستان، فلسطین، شام، عراق اور برما میں بد امنی و خون ریزی ہر مسلمان کے لئے باعث اذیت ہے،ہماری خواہش اور دعا ہے کہ تمام عالم میں عموما اور پاکستان میں خصوصا امن قائم رہے اور خوش حالی کی شمعیں ہمیشہ روشن رہیں، پاکستان کا امن خطے کے امن سے منسلک ہے،پاکستان نے ہمیشہ خطے کے امن کیلئے بھرپور کردار ادا کیا ہے ، پاکستان نے ہندوستان کی مسلسل جارحیت کے باوجود امن کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا ، اسی طرح پاکستان افغانستان میں ہر لمحہ امن کیلئے کوشاں ہے ۔
ان خیالات کا اظہار پاکستان علما کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ، مولانا محمد ایوب صفدر ، مولانا عبد الکریم ندیم ، مولانا عبد الحمید وٹو ، قاضی مطیع اللہ سعیدی ، مولانا اسد اللہ فاروق ، مولانا محمد شفیع قاسمی ، مولانا اسعد زکریا، مولانا طیب شاد قادری ، مولانا محمد اشفاق پتافی ، مولانا اسید الرحمن سعیدنے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہی ۔قائدین نے کہا کہ الحمدللہ پاکستان کی کوششوں سے افغانستان میں تمام فریقین نے عید کے موقع پر جنگ بندی کا اعلان کیا ہے جو بہت حوصلہ افزا اور درست سمت قدم ہے ، افغانستان کامسئلہ تمام افغان گروپوں نے مل کر حل کرنا ہے اور پاکستان افغانستان میں امن کیلئے ہمیشہ معاون اور مددگار ہے ، ہماری دعا ہے کہ افغانستان میں امن کی کوششوں سے مستقبل بنیادوں پر امن قائم ہو اور افغا ن عوام اسلامی اقدار پر چلتے ہوئے مکمل خود مختاری کے ساتھ پر امن اور خوشحال زندگی بسر کرسکیں ، کیونکہ افغانستان میں پیدا ہونے والی بد امنی کے اثرات پاکستان پر مرتب ہوتے ہیں ، اسی طرح ہماری دعا ہے کہ اللہ تبارک و تعالی اہل کشمیر اور فلسطین کو آزادی نصیب فرمائے اور اہل شام ، عراق ، یمن اور لیبیا کو امن کی دولت سے مالا مال فرمائے ۔