ایڈیٹرکاانتخاب

عائشہ گلالئی کا چار خواجہ سراؤں کو پارٹی ٹکٹ دینے کا اعلان ،راولپنڈی میں خود عمران خان کے مقابلے میں اترنے کا فیصلہ

اسلام آباد (نیوز وی او سی آن لائن)پاکستان تحریک انصاف (گلالئی) کی سربراہ عائشہ گلالئی نے کہا ہے کہ پورے پاکستان کا کچرا پی ٹی آئی میں شامل ہوگیا، امریکا اور یورپ میں خواجہ سراؤں کی عزت کی جاتی اور انسانیت کو اہمیت دی جاتی ہے، ہمارے ملک میں ایسا نہیں ہے اور ملک کی کسی بھی سیاسی پارٹی نے اس حوالے سے توجہ نہیں دی ، 4 خواجہ سراء ان کی پارٹی کے ٹکٹ پر انتخابات میں حصہ لیں گے جبکہ وہ خود 6 حلقوں سے الیکشن لڑیں گی ۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عائشہ گلالئی نے کہا کہملک کی تینوں بڑی پارٹیوں پر قبضہ مافیہ کا راج ہے، پورے پاکستان کا کچرا پی ٹی آئی میں شامل ہوگیا ہے،پہلے انقلاب فرانس میں آیا تھا اب پاکستان میں آئے گا، ملک کی تینوں بڑی پارٹیوں میں قابضہ مافیا بیٹھا ہے، اقتدار میں آ کر ان کے خلاف جنگ کروں گی۔عائشہ گلالئی نے کہا کہ وہ عمران خان کے خلاف راولپنڈی سے بھی انتخاب لڑیں گی ،ْ کراچی اور سجاول سے بھی قومی اسمبلی کا انتخاب لڑیں گی،انہوں نے لودھراں کے سرمایہ کاروں کے خلاف بھی جنگ کا اعلان کیا۔عائشہ گلا لئی نےکہا کہ پاکستان تحریک انصاف (گلالئی)کی طرف 4 خواجہ سراء پارٹی کے ٹکٹ پر انتخابات میں حصہ لیں گے،خواجہ سراء نایاب علی حلقہ این اے 142، ندیم کشش حلقہ این اے 52، لبنی لال حلقہ پی پی 26 اور میڈم رانی حلقہ پی کے 40 سے انتخابات میں حصہ لیں گی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں اقلیتوں اورخواجہ سراؤں کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا جاتا، ہمارے ہاں اقلیتیوں اور خواجہ سراؤں کی عزت نہیں،امریکا اور کینیڈا میں سب لوگ برابر ہوتے ہیں جبکہ ناروے میں کینیڈا کا سفیر تیسری جنس سے ہے۔عائشہ گلالئی نے کہا کہ امریکا اور یورپ میں خواجہ سراؤں کی عزت کی جاتی ہے اور انسانیت کو اہمیت دی جاتی ہے۔انہوں نے کہاکہ ندیم کشش سابق وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری کا اسلام آباد میں مقابلہ کریں گی جبکہ لبنیٰ لال جہلم کی صوبائی نشست پر انتخابات میں حصہ لیں گی۔انہوں نے بتایا کہ میڈم رانی ہری پور سے صوبائی اسمبلی کے انتخابات میں حصہ لیں گی۔اس موقع پر خواجہ سراء نایاب علی نے کہا کہ چیف جسٹس افتخار چوہدری اور عدلیہ کے ممنون ہیں کہ انہوں نے ہمیں شناخت دی۔نایاب علی نے کہا کہ عمران خان اپنی پارٹی کے 11 نکاتی ایجنڈا میں ایک خواجہ سراوں کا بھی رکھ لیتے۔انہوں نے کہا کہ عائشہ گلالئی نے ہمیں پارٹی ٹکٹ جاری کرکے تاریخی کام کیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button