پاکستان

طلال چوہدری توہین عدالت کیس؛ سماعت کرنے والا سپریم کورٹ کا بنچ تحلیل

اسلام آباد: وزیرمملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کرنے والا سپریم کورٹ کا بنچ ٹوٹ گیا ہے جس کے باعث کیس کی سماعت غیرمعینہ مدت کے لیے ملتوی کردی گئی ہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق سپریم کورٹ کا 3 رکنی بینچ وزیرمملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کررہا ہے تھا تاہم بنچ میں شامل فاضل جج جسٹس اعجاز افضل خان کی ریٹائرمنٹ کے باعث بنچ ٹوٹ گیا، جس کے باعث کیس کی سماعت بھی غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی گئی۔

سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والا جمہوریت پسند انسان ہوں، امید ہے عدالت مجھے انصاف فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بے معنی سی بات ہے پرملک کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ نااہل ہوئے، جس ملک کا وزیر خارجہ نااہل، وزیرداخلہ زخمی ہو جائے تو کیا ہوگا، یہ بات خلائی مخلوق کو سمجھنی چاہیے کہ ملک کا کیا ہوگا، ایسا کوئی کام نہ کیاجائے جس سے پاکستان کو نقصان ہو، ٹیسٹ ٹیوب بے بیز بنا کرانہیں دودھ نہ پلایا جائے، عمران خان جیسے لوگ بھی پیدا نہ کیے جائیں۔

وزیر مملکت نے کہا کہ احسن اقبال پر حملہ افسوسناک ہے ، ہم بلٹ کا مقابلہ بیلٹ سے کریں گے، کچھ بھی ہو ہم انتخابات ملتوی نہیں ہونے دیں گے، نوازشریف کو لگنے والے زخموں کا جواب الیکشن میں دیں گے، مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو سیاست سے دور کرنے کی سازش ہو رہی ہے، نوازشریف کو روکنے کے لیے اب ملک کا حشر کیا جا رہا ہے، این اے 120 میں انتہا پسند جماعتوں کو آگے لایا گیا ،اللہ کے گھر کو انتخابی دفتر بنایا گیا ،مساجد سے زہر اگلا گیا، مذہبی جنونیت کے نام پر سیاسی بننے والے اس سال ناکام ہوں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button