طاہر القادری کی پاکستان آمد ، خرم نواز گنڈا پور نے جلسے کے دعوت نامے بانٹ دئے
لاہور 7 اگست 2017
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی جلسے میں شرکت کی یقین دہانی
پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری کی پاکستان آمد کے موقع پر ان کے استقبال اور روٹ کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پارٹی ترجمان نے بتایا کہ طاہر القادری کل صبح 7 بجے ائیر پورٹ پہنچیں گے جہاں وہ میڈیا اور کارکنوں سے خطاب کریں گے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ طاہر القادری جوڑے پل اور دھرم پورہ سے مال روڈ پہنچیں گے ۔
دوسری جانب پارٹی ذرائع نے بتایا کہ طاہر القادری نے بیرون ملک اپنی تمام تر سرگرمیاں منسوخ کر دی ہیں۔ طاہرالقادری نے پاکستان میں سانحہ ماڈل ٹاؤن اور جسٹس باقر کی کمیشن رپورٹ کے حصول کے لیے قانونی آپشنز استعمال کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ معاملات کے حل تک طاہر القادری پاکستان میں ہی قیام کریں گے ۔ دوسری جانب پی اے ٹی رہنما خرم نواز گنڈا پور نے ناصر باغ کے جلسے کے دعوت نامے بانٹنے شروع کر دئے ہیں۔ ناصر باغ جلسے میں خرم نواز گنڈا پور نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو بھی دعوت نامہ بھجوایا جس پر انہوں نے جلسے میں شرکت کی یقین دہانی کروا دی ۔