طاہر القادری پاکستانی شہری نہیں ، قانون کے مطابق کارروائی کریں گے: شاہد خاقان عباسی
اسلام آباد (نیوز وی او سی آن لائن) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ میری معلومات کے مطابق عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری پاکستانی نہیں بلکہ کنیڈین شہری ہیں اور وہ پاکستان میں حکومت گرانے کی کوششیں کر رہے ہیں، آئین اور قانو ن کے دائرے میں اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ کوئی غیر ملکی شہری پاکستان میں آکر بات کر سکتا ہے؟ اس حوالے سے جو بھی قانون ہوا تو ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کریں گے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام ”نیا پاکستان“ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ہم طاہر القادری کا نام ای سی ایل میں نہیں ڈال رہے ، تاہم عدالت یا کسی بھی سیکورٹی ادارے کی جانب سے ایسی تجویز آئی تو ہم اس پر عمل کریں گے۔ اس وقت میرے علم میں نہیں ہے کہ کیا کسی بھی غیر ملکی شہری کا نام ای سی ایل میں ڈالا جا سکتا ہے یا نہیں ۔ طاہر القادری کے جلسے میں دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین بھی موجود تھے اور انہیں عدالت نے جلسہ کرنے کی اجازت دی تھی، پاکستان میں سیاسی افرا تفری اور پارلیمنٹ کے خلاف دشنام درازی کرنے پر سپریم کورٹ سوموٹو ایکشن لے۔ وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ طاہر القادری کی کوئی بھی سرگرمی خفیہ نہیں ہے ، وہ جو کچھ کر رہے ہیں سب کے سامنے ہے ، کیا ہم کسی غیر ملکی کو پاکستان کی سڑکوں پر احتجاج کی اجازت دے سکتے ہیں؟ کیا کوئی غیر ملکی شخص پاکستان کی پارلیمنٹ کو ختم کرنے کے حوالے سے بیان بازی دے سکتا ہے؟ اس پر میں سیاسی اور قانونی لحاظ سے جائزہ لے رہا ہوں اور جو بھی قانون اس پر کہتا ہوگا ، اسی کے مطابق کارروائی ہوگی۔