طاہر القادری سے انتخابی یا سیاسی اتحاد نہیں ہوا،پیپلز پارٹی
پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا ہےکہ طاہر القادری کے ساتھ انتخابی یا سیاسی اتحاد نہیں ہوا، پارٹی صرف ماڈل ٹاون کے شہدا کے لواحقین کو انصاف دلانے کے لیے کو شاں ہے ۔
نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران نفیسہ شاہ نے کہا کہ شہباز شریف زرداری صاحب کے بارے میں بد ترین زبان استعمال کر رہے ہیں، اس سے پہلے شہباز شریف اسی طرح کی باتوں پر معافی مانگ چکے ہیں۔
ان کا مزید کہناتھاکہ بلوچستان میں جمہوری انداز میں حکومت تبدیل ہوئی، ن لیگ کواپنی غلط پالیسیوں کی وجہ سے شرمندگی اٹھانا پڑی ۔
نفیسہ شاہ نے یہ بھی کہا کہ بلاول بھٹو نے ڈیوس میں بہترین انداز میں پاکستان کی ترجمانی کی۔
ان کا کہنا تھا کہ راو انوار سندھ سے نہیں اسلام آباد سے بھاگ رہا تھا،راو انوار کو اسلام آباد میں کس نے پناہ دے رکھی ہیں یہ ایک بڑا سوالیہ نشان ہے ،سابق ایس ایس پی ملیر کو قانون کے سامنے پیش ہونا چائیے۔