طالبان افغان حکومت کی مذاکرات کی نئی پیش کش قبول کرلیں، پاکستان
کابل: مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر جنجوعہ نے افغان صدر اشرف غنی اور چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ سے ملاقات میں طالبان پر زور دیا ہے کہ کابل حکومت کی مذاکرات کی نئی پیش کش قبول کرلیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ نے کابل میں افغان چیف ایگزیکٹو عبد اللہ عبداللہ اور افغان صدر اشرف غنی سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان پاک افغان تعلقات میں بہتری کے لئے اعلیٰ سطح کے مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
مشیر قومی سلامتی نے پہلی ملاقات افغان صدر اشرف غنی سے صدارتی آفس میں کی جہاں دونوں ممالک کے وفود بھی موجود تھے، اس موقع پر افغان صدر نے ناصر جنجوعہ کے ہاتھوں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو کابل کے دورے کی دعوت بھی بھیجی، جب کہ ناصر جنجوعہ نے افغانستان میں قیام امن کے لیے طالبان سے مذاکرات کے عمل کو سراہا۔
بعد ازاں مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ نے افغانستان کے چیف ایگزیکٹو عبد اللہ عبداللہ سے بھی ملاقات کی، جس میں باہمی تعلقات اور دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ طالبان کو افغان حکومت کی امن مذاکرات کی نئی پیش کش سے فائدہ اٹھانا چاہیے اور اس سلسلے کو خطے کے لیے امن کا پیش خیمہ بنانا چاہیے۔
افغانستان کے چیف ایگزیکٹو کی جانب سے جاری کردہ ٹوئٹ کے مطابق ناصر جنجوعہ اور عبد اللہ عبداللہ نے دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے حکومتی سطح پر مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا۔ مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ نے افغان امن عمل کی حمایت کی اور طالبان پر زور دیا کہ کابل حکومت کی بروقت نئی مذاکرات کی پیش کش کو قبول کرلیں۔
واضح رہے کہ وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ اپنے افغانی ہم منصب حنیف اتمر کی دعوت پر کابل پہنچے ہیں، ناصر جنجوعہ نے افغان صدر اور چیف ایگزیکٹو کے علاوہ افغان سیکیورٹی ایجنسی این ڈی ایس کے سربراہ سے بھی ملاقات کی جس میں سرحدوں پر دہشت گردوں کی نقل و حرکت کو روکنے کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان قومی سلامتی کے مطابق مشیرناصر جنجوعہ کا افغانستان میں گرمجوشی سے استقبال کیا گیا۔ مشیر قومی سلامتی نے اپنے دورے کے دوران افغان وزیر دفاع، اپنے ہم منصب اور افغان سیکیورٹی ایجنسی کے سربراہ سے بھی ملے، ملاقاتوں میں پاکستان اور افغان رہنماؤں نےامن واستحکام کےلیےتعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔