ضیا کو بھٹو اور مشرف کو بینظیر کا قاتل سمجھتا ہوں، مولا بخش چانڈیو
حیدر آباد: پیپلز پارٹی کے سیکریٹری اطلاعات مولا بخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ ضیاء الحق کو ذوالفقار علی بھٹو جب کہ پرویز مشرف کو بے نظیر بھٹو کا قاتل سمجھتا ہوں۔
حیدرآباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی میں سو خامیاں ہوں گی لیکن کبھی بھی ملک کے خلاف کوئی بات نہیں کی، ہمیشہ پاکستان کا نعرہ بلند کیا، کبھی بھی فرقہ واریت، لسانیت اور علاقائیت پر یقین نہیں رکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی عوام کی پارٹی ہے، یہ محب وطن اور غیرت مند جماعت ہے۔
مولا بخش چانڈیو نے سوال کیا کہ مجھے بتایا جائے بھٹو کا کیا جرم تھا؟ وہ سیاست کو ایوانوں سے نکال کر گلی محلوں میں لے آئے تھے، بھٹو کا قاتل ضیاء الحق تھا جب کہ مشرف کو بے نظیر بھٹو کا قاتل سمجھتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو ان کا غرور اور تکبر لے ڈوبا۔