صوبے کے نام سے پختونوں کو پہچان ملی ،18ویں ترمیم کو چھیڑنے کا حق کسی کو نہیں دیں گے،اسفند یار ولی
چارسدہ(نیوز وی او سی آن لائن) عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی نے کہا ہے کہ 18ویں ترمیم کو چھیڑنے کا حق کسی کو نہیں دیں گے، صوبے کے نام کی تبدیلی سے پختونوں کو پہچان ملی ہے۔
چارسدہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے اسفند یار ولی نے کہا کہ ایک پائی کی کرپشن ثابت ہوجائے تو پھانسی دے دیں۔اے این پی کے سربراہ نے کہا کہ کے پی کے میں تبدیلی نظر نہیں آئی ہے، سی پیک کے لیے ہم سے وعدے کئے گئے خیبر پختونخوا کے عوام کو حقوق دئیے جائیں گے، ہم تو یہ سمجھ رہے تھے وقت آنے پر عقل آجائے گی، قوم کو پتہ چلنا چاہئے حقیقت کیا ہے اور کیا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پرویز خٹک کی کرپشن کے خلاف نیب نے تحقیقات شروع کی ہیں، ووٹ خریدنے والے چوہدری سرور کے خلاف کارروائی کب ہوگی؟سراج الحق کے مطابق عمران خان نے کہا اوپر کا حکم ہے بلوچستان والے کو ووٹ دینا ہے، تحریک انصاف نے سینیٹ الیکشن میں اپنے ارکان کو پیسے دئیے، عمران خان بتائیں سینیٹ الیکشن میں ووٹ بیچنے والوں کو سزا دی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے شہباز شریف کی میٹرو بس کو جنگلہ بس کہا تھا، پشاور میں خود جنگلہ بس کے لیے صوبے کو 500 ارب کا مقروض کردیا، عمران خان نے 350 ڈیم بنانے کا وعدہ کیا تھا، بلین ٹری پراجیکٹ بھی لوگوں نے دیکھا، عمران خان اپنے وعدوں سے روگردانی کرتے رہے ہیں۔
اسفند یار ولی خان نے کہا کہ صوبے کے نام کی تبدیلی سے پختونوں کو پہچان ملی ہے، ولی خان کی وصیت کے مطابق صوبے کا نام تبدیل کیا گیا، ہم سمجھ رہے تھے وقت کے ساتھ یہ تاثر ختم ہوگا کہ پنجاب اور پختونخوا الگ ہے مگر افسوس ہے کہ یہ تاثر مزید مضبوط ہورہا ہے۔