صدر ٹرمپ کا نیا ٹویٹ مثبت ہے، خواجہ آصف
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نئی افغان پالیسی کے اعلان کے بعد پاک امریکا تعلقات تناؤ کا شکار تھے۔ دونوں ممالک میں تناؤ کو کم کرنے کے لیے وزیر خارجہ خواجہ آصف نے امریکا کا دورہ بھی کیا تھا جہاں اعلی حکام سے ملاقاتیں بھی کیں تھیں۔
گزشتہ روز پاکستانی فورسز کی جانب سے کامیاب آپریشن کے نتیجے میں کینیڈین جوڑے کی بازیابی کے بعد امریکی صدر نے اپنی ٹویٹ میں پاکستان کا شکریہ ادا کیا تھا۔
اس حوالے سے جیو نیوز سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے وزیر خارجہ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کا نیا ٹویٹ مثبت ہے اور امریکی وزیر خارجہ اور داخلہ دونوں پاکستان آرہے ہیں جس کے بعد مزید بہتری آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا امریکا سے کئی سالوں سے تعاون جاری ہے جس کا ہمیں صرف نقصان ہوا ہے فائدہ نہیں، لہٰذا سمجھتا ہوں کہ امریکا کو ہمارا نقطہ نظر بہتر لگا اور آنے والے چند ہفتوں میں پتا چل جائے گا کہ شروعات بہتر ہوئی ہے۔
ملکی سیاسی صورتحال کے حوالے سے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں بظاہر جو کشیدگی ہے اس میں حقیت نہیں اور چند سیاسی عناصر چاہتے ہیں کہ عوام کے ذریعے جمہوری فیصلے نہ ہوں۔