صدر نے کمپنیز ایکٹ 2017 پر دستخط کردئیے، 33سالہ پرانا کمپنیز آرڈیننس 1984 منسوخ
اسلام آباد ۔30مئی2017ء
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
صدر مملکت ممنون حسین نے کمپنیز ایکٹ 2017 پر دستخط کردئیے ہیں۔ اس طرح تینتیس سالہ پرانا کمپنیز آرڈیننس 1984 منسوخ اور نیا کمپنیز ایکٹ 2017 نافذ ہو گیا۔ نیا قانون کارپوریٹ سیکٹر میں ایک جدت لائے گا اور ملکی کاروباری سٹکچر کو بین الاقوامی معیارات سے ہم آہنگ کر دے گا۔ تفصیلات کے مطابق وسیع تر عوامی مشاورت اور وزارت قانون کی منظوری کے بعد کمپنیز بل ۱۸ نومبر ۲۰۱۶ کو قومی اسمبلی میں پیش کیا گیا تھا۔
قومی اسمبلی نے چھ فروری اورسینٹ نے پندرہ مئی کو اس کی منظوری دی۔ اس بل کی تیاری میں وسیع پیمانے پر تمام سٹیک ہولڈروں سے مشاورت کی گئی۔ اس کی مثال پاکستان کی تاریخ میں نہیں ملتی۔ یہ پاکستان کا سب سے طویل ترین قانون ہے جو پانچ سو پندرہ شقوں اور آٹھ شیڈول پر مشتمل ہے اور اس کی تیاری میں بارہ سال کا عرصہ لگا۔ اس نئے قانون کا نفاذ ایک اہم کامیابی ہے جس سے پاکستان کا کمپنی لا ترقی یافتہ ممالک کے ہم پلہ ہو گیا ہے۔
اس قانون میں بہت سی نمایاں اصلاحات متعارف کروائی گئی ہیں۔نیا قانون ملک کی معاشی ترقی میں معاون ثابت ہو گا اورخاص طور پر کارپوریٹ سیکٹر کو کاروبار کرنے کے لئے کافی آسانیاں فراہم کرے گا۔ اس قانون میں سرمایہ کاروں کو بہتر تحفظ فراہم کیا گیا ہے اور ملکی معیشت کو دستاویزی شکل دینے کیلئے بہت سے اقدامات لئے گئے ہیں۔ اس قانون میں چھوٹی کمپنیوں کے لئے آسان اور سادہ انضباطی فریم ورک فراہم کیا گیا ہے، ای گورننس کو ممکن بنایا گیا ہے اور بہتر کارپوریٹ گورننس اور شفافیت کے اعلیٰ معیارات دئیگئے ہیں۔۔