صحت کی سہولیات میں بہتری اور فوائد عام آدمی تک پہنچانے کے لیے حکومت پنجاب تمام اقدامات بروئے کار لا رہی ہے
گوجرانوالہ 19 اگست 2017
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
صحت کی سہولیات میں بہتری اور فوائد عام آدمی تک پہنچانے کے لیے حکومت پنجاب تمام اقدامات بروئے کار لا رہی ہے ، تا کہ مریضوں کو بہتر علاج معالجہ مہیا کیا جا سکے اور بہتر اور بر وقت تشخیص سے قیمتی انسانی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے
ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر محمد عامر جان نے ٹی ایچ کیو ہسپتال وزیر آباد میں ہفتہ صحت مہم کا افتتاح کرتے ہو ئے کیا اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سعید اللہ خان ،اسسٹنٹ کمشنر وزیر آباد نورالعین قریشی ،ایم ایس ٹی ایچ کیو ڈاکٹرذاکر علی ،ڈی او ایمرجنسی، ریسکیو 1122عمر گھمّن اور دیگر بھی ہمراہ تھے ۔
ہفتہ صحت کے سلسلہ میں بریفنگ دیتے ہوئے سی ای او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر سعید اللہ خان اور ایم ایس ڈاکٹر ذاکر علی رانا نے ڈپٹی کمشنرکو بتایا کہ ہسپتال میں آنے والے مریضوں کی رجسٹریشن کی جا رہی ہے جس کے بعد بلڈ پریشر ،ہیپاٹائٹس،شوگر اور دیگر بیماریوں کی سکریننگ اور ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں تا کہ مریضوں کو بہتر علاج معالجہ مہیا کیا جا سکے اور بہتر اور بر وقت تشخیص سے قیمتی انسانی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے انہوں نے ہفتہ صحت مہم میں ہسپتال کا دورہ کرنے والے مریضوں کی تعداد رجسٹریشن کے مراحل اور مخصوص سٹالز کا بھی دورہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر محمد عامر جان نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال وزیرآباد کی ایمرجنسی وارڈ،آؤٹ ڈور ،چلڈرن وارڈ اور دیگر حصوں کا بھی معائنہ کیا اس موقع پر انہوں نے ہسپتال میں صفائی ستھرائی کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ایم ایس ٹی ایچ کیو اور سی ای او ہیلتھ کو سختی سے ہدایت کی کہ صفائی کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ذمہ داران کے خلاف سخت کاروائی بھی عمل میں لائی جائے گی ۔انہوں نے افسران کو تنبیہہ کرتے ہوئے کہا کہ ذمہ دارانہ رویہ اختیار کریں اور صفائی کے انتظامات کو بھی یقینی بنائیں باتھ رومز میں صابن اور ایگزاسٹ فین کی فراہمی کو بھی یقینی بنائیں،ہیلتھ کونسل کے فنڈ سے عمل صفائی کی کمی کو پورا کیا جائے ۔ انہوں نے ایم ایس اور اے سی وزیرآباد کو ہدایت کی کہ وارڈز میں لگے اےئر کنڈیشنرز کو ہمہ وقت فنکشنل اور مریضوں کے لیے مفت ادویات کی دستیابی کو بھی یقینی بنائیں ،ہسپتال میں جگہ جگہ رکھے ہوئے فالتو سامان کو مناسب جگہ پر رکھا جائے اور حکومت پنجاب اور ان کی طرف سے ہیلتھ سٹینڈرز کے مطابق ہسپتالوں کو بہتر بنایا جائے ۔انہوں نے زیر تعمیر عمارت ،ہیلتھ کونسل بجٹ اور دیگر امور کے سلسلہ میں منگل کے روز تفصیلی بریفنگ بھی طلب کر لی ہے جس میں ہسپتال کی مجموعی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔