صبا قمر کی تعریفوں سے جیلس نہیں,مصروفیات نے ڈراموں سے دور کردیا,ماہرہ خان

کراچی :- معرو ف اداکارہ و ماڈل ماہرہ خان نے کہا ہے کہ ڈرامہ فلم سے بڑا ہے ، آج دنیا بھر میں لوگ ڈرامہ دیکھ رہے ہیں فلمیں نہیں ،میرے فنی کیریئر میں فلم پہلے آئی اور ڈرامہ بعد میں ملا لیکن مجھے شہرت دنیا بھر میں ڈرامے سے ملی ، ڈرامہ سیریل ہم سفر میرے فنی کیریئر و شہرت کیلئے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ، ڈرامہ انڈسٹری چھوڑنے کا تصور نہیں کرسکتی ۔فی الحال ڈرامے کیلئے میرے پاس وقت نہیں جب بھی وقت ملا ڈرامہ سیریل کروں گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شب نیوپیکس سینما میں ایک تقریب کے موقع پرنمائندہ دنیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انکا کہنا تھا ان خبروں میں صداقت نہیں کہ میں بھارتی میڈیا میںصبا قمر کی تعریفوں سے جیلس ہورہی ہوں ، وہ ایک پاکستانی فنکارہ ہے اس نے فلم ’’ہندی میڈیم‘‘میں عمدہ کردارنگاری کرکے بھارتی میڈیا کو بھی ششدر کردیاہے نجانے کون لوگ ہیں جو ہمارے درمیان ایسی خبروں سے غلط فہمی پیدا کرنا چاہتے ہیں ، صبا قمر باصلاحیت فنکارہ ہے ہم پاکستانی فنکار کسی سے کم نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت فلم مولاجٹ ٹو سمیت دو پاکستانی فلموں میں کام کررہی ہوں۔اشتہاری فلموں اور فیچر فلموں کی مصروفیات نے فی الحال ڈراموں سے دور کردیا لیکن ذاتی طور پر ڈرامے میری پہلی ترجیح ہیں۔فیشن و ماڈلنگ کی دنیا میں ڈیمانڈ نے بھی ڈرامہ انڈسٹری کے نئے معاہدوں سے دور رکھا ہوا ہے جب بھی ڈرامہ سیریل سائن کی تو ہم سفر کے پروڈیوسر کو مایوس نہیں کروں گی انہی کی سیریل کو ترجیح دوں گی۔ بیروت فیشن ویک میں ایوارڈ ملنے پر ان کا کہنا تھا انٹر نیشنل طو ر پر دوسرا اعزاز ملا جس کیلئے جیوری کی مشکور ہوں جنہوں نے میرے کام کو سراہا ۔ اب وقت بدل رہا ہے ہم نے عالمی سطح پر اپنے ڈراموں و فلموں سے ہی نہیں بلکہ فیشن و ماڈلنگ کے ذریعے بھی اپنی و ملک کی نئی شناخت بنائی ہے جسے برقرار رکھنا ہم سب فنکاروں کا کام ہے جس کیلئے ہمیں مثبت سوچ کو فروغ دینا ہوگا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں