شیطان کے پجاریوں کا سب سے بڑا اجتماع، اکٹھے ہوکر کیسے خوفناک انداز میں ’پوجا‘ کرتے رہے –
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا میں کئی مذاہب ہیں جن کے ماننے والے اپنی اپنی دانست میں کسی خدا کو مانتے ہیں، لیکن لگ بھگ سبھی مذاہب میں شیطان سے نفرت ہی کی جاتی ہے، مگردنیا میں ایک طبقہ ایسا بھی ہے جو شیطان کا پجاری ہے۔ اس طبقے نے بھی شیطان کی عبادت کے لیے مندر بنا رکھے ہیں۔ میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق امریکی شہر لاس اینجلس میں بھی شیطان کے ان پجاریوں کا ایک بہت بڑا مندر ہے جہاں گاہے ان کے بڑے اجتماعات ہوتے رہتے ہیں اور یہ اکٹھے ہو کر شیطان کی پوجا کرتے ہیں۔
گزشتہ دنوں بھی لاس اینجلس کے اس مندر میں ان کا ایک بڑا اجتماع ہوا جس کی تصاویر اور تفصیلات پہلی بار منظرعام پر آ گئی ہیں۔رپورٹ کے مطابق شیطان کے یہ پجاری اپنی پوجا میں مختلف رسومات ادا کرتے ہیں جن میں فناءکی رسم، خون بہانے کی رسم اور شیطان سے مدد مانگنے کی رسم و دیگر شامل ہوتی ہے۔ ان رسومات کے دوران مندر میں لائیو موسیقی چل رہی ہوتی ہے اور گلوکار سٹیج پر گارہے ہوتے ہیں۔اپنے فناءاور خون بہانے کی رسم میں یہ اپنے جسم سے لوہے کی سلائیاں وغیرہ گزارکر خود کو اذیت دیتے ہیں۔ شیطانی مندر میں ان کی پوجا میں خون بھی بہتا ہے اور جشن بھی ہوتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق شیطان کے ان پجاریوں کا امریکہ میں ہیڈکوارٹر امریکی ریاست میساچوسٹس کے شہر سیلیم میں واقع ہے اور پورے امریکہ میں ان کے 24چھوٹے مندر موجود ہیں جو سیلیم کے مندر کی ذیلی شاخیں ہیں۔ اس تحریک سے جڑے لوگ اسے باقاعدہ مذہب خیال کرتے ہیں۔ یہ لوگ مجسم شیطان پر یقین نہیں رکھتے اور کہتے ہیں کہ وہ عقلیت پسندی کی پوجا کرتے ہیں اور توہم پرستی کو مسترد کرتے ہیں۔ ان کے اجتماعات میں شامل ہونے کے لیے ٹکٹ بھی رکھے جاتے ہیں۔ لاس اینجلس کے اس اجتماع کے لیے وی آئی پی ٹکٹ کی قیمت 66.60ڈالر جبکہ عام مہمانوں کے ٹکٹ کی قیمت 15ڈالر تھی۔ یہ لوگ اس اجتماع کے دوران مخصوص طرح کے شیطانی ملبوسات پہنتے ہیں اور اپنے جسم پرمخصوص شیطانی پیٹنگز اور ٹیٹو بنواتے ہیں۔