شیخ رشید اور عمران خان پاکستان کے جمہوری عمل میں نقب لگانا چاہتے ہیں، وزیر داخلہ
نارووال 23اکتوبر2017
(بیورو چیف پاکستان بشیر باجوہ، نیوز وائس آف کینیڈآ)
نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہم نے آج پاکستان کو استحکام دیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ خیبرپختونخوا کے اندر وہاں کے عوام پریشان ہیں کیونکہ تحریک انصاف نے ہر شعبے میں انتشار پیدا کر دیا ہے، جو لوگ تحریک انصاف میں گئے تھے اب واپس آ رہے ہیں جب کہ ہماری صفوں میں اتنا گند نہیں جتنا تحریک انصاف میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شیخ رشید اور عمران خان پاکستان کے جمہوری عمل میں نقب لگانا چاہتے ہیں، ان دونوں کی یہ کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ الیکشن بل میں تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندے موجود تھے، ختم نبوت میں ایک بال برابرشبے کی بھی گنجائش نہیں، ایمان کا فیصلہ اللہ نے کرنا ہے، مجھے دکھ ہے کچھ لوگوں نے اللہ اور رسول سے محبت کا ٹھیکہ خود لے لیا ہے۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کو سیاسی مقاصد درکار ہیں ان سے کہوں گا 8 ماہ اور صبر کر لیں، 2018 میں آئینی مدت کے اندر الیکشن ہوں گے، جو پاکستان کی سیاست اور نظام میں انتشار پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے وہ سی پیک کے دشمنوں کا آلہ کار بنے ہوئے ہیں، سیاسی ایجنڈوں کے لیے ملک میں ایسی فضا بنائی جاتی ہے تاہم ہم ترقی کے راستے پر چل رہے ہیں۔