شیخوپورہ روڈ کی تعمیر کی منظوری کو خوش آئند قرار,گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس ممبران
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
گوجرانوالہ چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سعید احمدتاج،سینئرنائب صدر شیخ عبدالرؤف ، نائب صدر کامران خالد بٹ اور چیئرمین اخلاق احمد بٹ نے مشترکہ بیان میں گوجرانوالہ ،شیخوپورہ روڈ کی تعمیر کی منظوری کو خوش آئند قرار دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ چیمبرآف کامرس کا حکومت پنجاب سے دیرینہ مطالبہ تھا جوکہ منظور کر لیا گیا ۔اس پر عمل درآمد کروانے پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بزنس کمیونٹی کی اس پریشانی کو مد نظر رکھتے ہوئے گوجرانوالہ چیمبرآف کامرس نے متعدد بار وزیر اعلیٰ پنجاب ودیگر اداروں کی توجہ اس روڈ کی تعمیر کی طرف مبذول کروائی۔وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے گزشتہ روز گوجرانوالہ ،شیخوپورہ روڈ کی فوری تعمیر کے معاہدے پر دستخط کر دیئے ہیں ۔ گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس کے اس دیرینہ مطالبہ کو ماننے پر تمام بزنس کمیونٹی وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف ،وزیر تجارت انجینئرخرم دستگیر ، وزیر مواصلات اور چیئرمین نیشنل ہائی وے کے انتہائی ممنون و مشکور ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اب ضرورت اس اہم کی ہے کہ اس روڈ کی صنعتی و تجارتی اہمیت کو مد نظر رکھتے ہوئے فوری طور پر وزیر اعلیٰ پنجاب اپنی نگرانی میں شیخوپورہ ،گوجرانوالہ روڈ کو فوری تعمیر کروائیں ۔یقیناًاس روڈ کی تعمیر سے پاکستان کے تین اہم صنعتی شہروں کو آپس میں مال کی ترسیل میں آسانی آئے گی جس سے ملکی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہونگے۔