شہر قائد میں چکن گونیا کا مرض خوفناک صورت حال اختیار کرگیا
(بشیر باجوہ بیورو چیف نیوز وائس آف کینیڈا )
شہر قائد میں چکن گونیا کا مرض خوفناک صورت حال اختیار کرگیا ہے جس پر قابو پانے کے لیے ڈی جی ہیلتھ سندھ کے خط پرعالمی ادارہ صحت کے مشن برائے انسداد چکن گونیا کا 9 رکنی وفد پہنچ چکا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق کراچی میں بڑھتی ہوئی وبا چکن گونیا کو مدنظر رکھتے ہوئے عالمی ادارہ صحت کا مشن برائے انسداد چکن گونیا کراچی پہنچ گیا ہے۔ صوبائی محکمہ داخلہ کے مطابق 9 رکنی وفد میں ماہرماحولیات اوردیگر ماہرین بھی شامل ہیں۔ڈبلیوایچ اوکا یہ وفد کراچی کے مختلف اضلاع میں قائم سرکاری اسپتالوں اورمتاثرہ علاقوں کا دورہ کرے گا اور انہیں ضلعی ہیلتھ افسران بریفنگ بھی دیں گے۔دوسری جانب مئیرکراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ ڈبلیو ایچ اوکے 9 رکنی وفد کوخوش آمدید کہتا ہوں، ٹیم کی کراچی آمد میرے مؤقف کی تائید اورفتح ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے شہرکو کچرا بنا دیا ہے اوراسی کچرے اور گندگی کے باعث طرح طرح نئی بیماریاں جنم لے رہی ہیں اگر سندھ حکومت ہمیں وسائل دے دیتی تو شہر قائد میں یہ وبا کبھی نہ پھیلتی۔واضح رہے کہ کراچی اور گرد و نواح میں چکن گونیا کا مرض شدت اختیار کرجانے پر چند روز قبل ڈی جی ہیلتھ سندھ محمد توفیق نے عالمی ادارہ صحت سے مدد کے لیے خط لکھا تھا۔