شہریوں اور ملکی سلامتی پر حملہ برداشت نہیں کرینگے ،شاہ سلمان
مملکت کی سلامتی اور استحکام کو خطرات سے دوچار کرنے والوں کا محاسبہ کیا جائے گا
کسی حملہ آور کو نہیں چھوڑیں گے ، شہید فوجیوں کے لواحقین سے فون پر گفتگو ریاض (آئی این پی) سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے خبردار کیا ہے کہ شہریوں اور ملکی سلامتی پر کسی بھی قسم کا حملہ برداشت نہیں کیا جائے گا، ذرائع ابلاغ کے مطابق شاہ سلمان نے گزشتہ دنوں القطیف کی المسورہ کالونی میں شہید ہونے والے دو سعودی فوجیوں کے والدین سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مملکت کی سلامتی اور استحکام کو خطرات سے دوچار کرنے والوں کا لازمی محاسبہ کیا جائے گا، مملکت اور شہریوں پرحملہ کرنے والوں کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے ، یاد رہے کہ سعودی فوجی عادل بن فالح العتیبی اور عبد اللہ بن تریکی الترکی کو نامعلوم مسلح افراد نے معمول کی گشت ڈیوٹی کے دوران راکٹ حملہ کر کے شہید کر دیا تھا ، سرکاری خبر رساں ایجسنی ایس پی اے کے مطابق شہدا کے اہل خانہ نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ٹیلی فون کال پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں ان کی جانب سے اظہار ہمدردی تمام سوگواروں کے لئے بہت تقویت کا باعث ہوئی ہے ۔