شہباز شریف کے ساتھی افسران کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے ساتھ کام کرنے والے تمام افسران کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا مطالبہ کیا ہے۔
کراچی میں بزنس کمیونٹی سے ملاقات کے موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ سول سروس میں سیاسی مداخلت نے اس شعبے کو تباہ کر دیا ہے لیکن ہمیں اداروں کو ٹھیک کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف پہلی بار مکمل تیاری کے ساتھ الیکشن لڑ رہی ہے اور اس بار ہم اچھے امیدواروں کو میدان میں اتاریں گے۔ چیئرمین تحریک انصاف نے وزیراعلیٰ پنجاب کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف اور صاحبزادوں کی کرپشن لمیٹڈ کمپنی کی بدعنوانیوں سے پردہ اٹھانا لازم ہے۔ عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف کے ساتھ کام کرنے والے تمام سینئر افسران کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں اور انہیں ملک چھوڑنے سے روکا جائے۔