شہباز شریف ٹوپیاں تبدیل کرنے کی بجائے اپنا نام تبدیل کریں :سید نیئر حسین بخاری
اسلام آباد (نیوز وی او سی آن لائن)سابق چیئرمین سینیٹ اور پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکریٹری جنرل سید نیر حسین بخاری نے کہا ہے کہحکمران جماعت کے سربراہ شہباز شریف ٹوپیاں تبدیل کرنے کی بجائے اپنا نام تبدیل کریں کیونکہ ملک بھر میں 18, 18 گھنٹے بجلی کی لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے، پورے ملک کی طرح پنجاب میں بھی بجلی کی لوڈ شیڈنگ عوام کے لئے عذاب بن گئی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے حیدرآباد کے خطاب پر تبصرہ کرتے ہوئےسابق چیئرمین سینیٹ سید نیئر حسین بخاری نے کہا کہ پہلے تو سندھ کی عوام شوباز شریف کی ڈرامہ بازی کو خوب سمجھتی ہے اس لئے شوباز شریف پنجاب کے عوام کو حساب دے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت میں لوڈ شیڈنگ ختم ہو جاتی مگر نواز شریف کے چیلے کالا کوٹ پہن کر بجلی کے منصوبوں میں رکاوٹ بن گئے تھے۔ سید نیر بخاری نے کہا کہ شہباز شریف وزیراعظم بننے کے خواب دیکھنے کی بجائے جیل جانے کی فکر کریں کیونکہ ماڈل ٹائون کے مقتولوں کا خون انہیں ہضم کرنے نہیں دیا جائے گا، کرپشن اور لوٹ مار شریف خاندان کی شناخت بن چکی ہے۔