شہباز شریف جوڈیشل اکیڈمی پہنچ گئے، جوڈیشل اکیڈمی آمد سے پہلے پنجاب ہائوس میں وزیر داخلہ چوہدری نثار سے اہم ملاقات
اسلام آباد17 جون 2017ء
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا )
وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمدشہباز شریف جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کے لیے جوڈیشل اکیڈمی پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق جوڈیشل اکیڈمی روانگی سے قبل پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں وزیر اعلیٰ پنجاب اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی ملاقات ہوئی ۔ ملاقات میں جے آئی ٹی میں پیشی سے متعلق بات ہوئی۔
ملاقات کے بعد چودھری نثار علی خان اور شہباز شریف جوڈیشل اکیڈمی کے لیے روانہ ہوئے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب بغیر پروٹوکول کے پرائیویٹ گاڑی میں جوڈیشل اکیڈمی پہنچے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی گاڑی کے ہمراہ دو مزید پرائیویٹ گاڑیاں موجود تھیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی گاڑی چودھری نثار چلا رہے تھے جبکہ شہباز شریف ان کے ہمراہ فرنٹ سیٹ پر براجمان تھے۔جوڈیشل اکیڈمی پہنچنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہاتھ ہلا کر جوڈیشل اکیڈمی کے باہر موجود کارکنان کا شکریہ ادا کیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب کے ہمراہ چودھری نثار سمیت وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور حمزہ شہباز بھی موجود تھے۔ یاد رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے تشکیل دی جانے والی جے آئی ٹی نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو دستاویزات سمیت طلب کر رکھا تھا۔