شہادت حسینؓ ہمیں حق پر ڈٹ جانے کا درس دیتی ہے: پیر فرخ شاہ کوہاٹی

سیالکوٹ(نامہ نگار)نواسہ رسولﷺ حضرت امام حسین ؓکی شہادت ہمیں حق پر ڈٹ جانے کا درس دیتی ہے آپؓ نے میدان کربلا میں اپنا سب کچھ قربان کرکے دین اسلام کو قیامت تک کیلئے زندہ جاوید کردیا ہے۔آپؓ نے اپنی جان کانذرانہ پیش کرکے اسلام کے علم کو وہ شان بخشی کہ جس پر پوری امت مسلمہ آپ کی احسان مند اور آپ پر نازاں ہے۔ تاریخ انسانی میں آپ کی شہادت جیسی اور کوئی مثال نہیں ملتی اور آپ کی شہادت و تعلیمات کل عالم اسلام کیلئے منبع رشدوہدایت ہے کہ جس پر عمل پیرا ہوکر دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔ان خیالات کا اظہار آستانہ عالیہ توحید آباد شریف کے سجادہ نشین صاحبزادہ پیر فرخ شاہ کوہاٹی نے مرکزی جامع مسجد خواجہ زندہ پیر میں عرس مبارک سیدناامام علی الحق شہید المعروف حضرت امام صاحب و خلیفہ مجازگھمکول شریف الحاج پیر سید توحید شاہ کوہاٹی ؒ کے پہلے سالانہ ختم شریف کے موقع پر منعقدہ محفل اور مزار شریف پر چادر پوشی کی تقریب سے صدارتی خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کی تاریخ شہادتوں ،قربانیوں سے بھری پڑی ہے دین پر جب بھی کڑا وقت آیا غلامان رسولﷺ نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے دین اسلام کے پرچم کو ہمیشہ سربلند رکھا۔انہوں نے کہا کہ حضرت امام علی الحق شہید ؒ سیالکوٹی کی دین کی سربلندی اور ترویج و اشاعت کے سلسلے میں خدمات ناقابل فراموش ہیںآپ نے کفر کے خلاف بھرپور جہاد کیا اور اپنی تلوار کے ذریعے دشمنانان اسلام کو نشان عبرت بنایا ۔