شمالی کوریا کیخلاف سخت ترین کارروائی کا عندیہ
وارسا، واشنگٹن (اے ایف پی/ آئی این پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ میرا ملک شمالی کوریا کیخلاف سخت ترین کارروائی کر سکتا ہے ، وارسا میںٓ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیانگ یانگ کی جانب سے بین البراعظمی میزائل تجربے کے بعد اس کے خلاف انتہائی سخت جوابی کارروائی پر غور کر رہا ہوں، انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا کی جانب سے میزائل تجربات عالمی خطرہ ہیں، اسی لئے میں تمام ممالک پر زور دیتا ہوں کہ وہ اس کا مقابلہ کریں اور واضح طور پر شمالی کوریا کو بتا دیں کہ اس کے اس بد ترین عمل کے سنگین نتائج ہوں گے ۔ دریں اثنا آئی این پی کے مطابق اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلی نے کہا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو میرا ملک شمالی کوریا کے خلاف ‘‘خاصی بڑی فوجی طاقت’’ استعمال کر سکتا ہے ، انہوں نے کہا کہ پیانگ یانگ کی جانب سے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا تجربہ بہت تیزی کے ساتھ مسئلے کے سفارتی حل کے امکان کا راستہ بند کر رہا ہے ، امریکا اپنے اور اپنے اتحادیوں کے دفاع کیلئے اپنی مکمل صلاحیت استعمال کرنے کے لیے تیار ہے ، ہم اقوام متحدہ میں شمالی کوریا کیخلاف ایک نئی قرارداد پیش کریں گے ، دوسری جانب بیجنگ میں چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ہم تمام فریقوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ پرسکون رہیں، تحمل کا مظاہرہ کریں اور ایسے تمام اقدامات اور بیانات سے گریز کریں جن سے کشیدگی میں اضافہ ہوسکتا ہے ، جنوبی کوریا کے صدر مون جے ان جو جی 20 اجلاس میں شرکت کیلئے جرمنی آئے ہوئے ہیں نے کہا کہ شمالی کوریا کی جانب سے میزائل تجربات کے باوجود میں مناسب موقع پر اس کے ساتھ بات چیت پر اب بھی آمادہ ہوں ، انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا کے ساتھ مذاکرات کا نہ ہونا انتہائی خطرناک بات ہے۔