شمالی کوریا نے ایٹمی دھماکہ کرنے کی تیاریاں مکمل کرلیں، پوری
پیانگ یانگ(مانیٹرنگ ڈیسک) عالمی پابندیوں کے باوجود شمالی کوریا آئے روز کسی نہ کسی میزائل یا بم کا تجربہ کرتا رہا ہے۔ شمالی کوریا نے ایٹمی تجربات کے لیے پنگ جائی ری نامی جگہ مختص کر رکھی ہے اور اب اس مقام پر ایسی نقل و حرکت کا انکشاف ہوا ہے کہ پوری دنیا ایک بار پھر تشویش میں مبتلا ہو گئی ہے۔ امریکہ کی جاسوس سیٹلائٹس سے حاصل کی گئی تصاویر میں انکشاف ہوا ہے کہ اس جگہ پر ایک بار پھر غیرمعمولی نقل و حرکت ہو رہی ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ شمالی کوریا آئندہ ہفتے ایک اور ایٹمی تجربہ کرنے جا رہا ہے۔ ایسی ہی نقل و حرکت اس سے قبل کیے گئے ایٹمی تجربات سے قبل بھی دیکھی جاتی رہی ہے۔
اس علاقے میں تین زیر زمین سرنگیں ہیں جن میں ایٹم بم کے تجربات کیے جاتے ہیں۔ سیٹلائٹس سے حاصل کی گئی تصاویر میں ایک بہت بڑے ٹرک کو ان سرنگوں میں سے ایک کے دہانے پر کھڑے ہوئے دیکھا گیا ہے جس کا مطلب ہے کہ ٹرک میں سے کوئی چیز سرنگ کے اندر منتقل کی جا رہی ہے۔ برطانوی اخبار ڈیلی سٹار کی رپورٹ کے مطابق شمالی کوریاکی نگرانی کرنے والے امریکی تھنک ٹینک 38نارتھ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ”سرنگوں کے پاس ویسی ہی سرگرمیاں دیکھی جا رہی ہیں جیسی اس سے قبل ایٹمی تجربات سے قبل دیکھی گئی تھیں۔ آئندہ پیر کے روز شمالی کوریا کی حکمران جماعت ورکرز پارٹی کی سالگرہ آ رہی ہے اورممکنہ طور پر پارٹی کی سالگرہ پر کم جونگ ان ایک بار پھر ایٹمی دھماکہ کر سکتے ہیں۔“