شمالی کوریا مزید ایٹمی تجربات کرنا چاہتا ہے، جنوبی کوریا
جنوبی کوریا نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی کوریا مزید ایٹمی تجربات کرنا چاہتا ہے، جبکہ شمالی کوریا کا کہنا ہے کہ دو امریکی بمبار طیاروں نے جزیرہ نما کوریا پر پرواز کی ہے۔
جنوبی کوریا کی خفیہ ایجنسی نیشنل انٹیلی جنس سروس کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا مزید ایٹمی تجربات کرنا چاہتا ہے،کیونکہ پیانگ یانگ کے میزائل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے پاس معمول سے زیادہ نقل و حرکت دیکھی گئی ہے۔
ادھر شمالی کوریا نے دعویٰ کیا ہے کہ جمعرات کو امریکی بمبار طیارے بی ون بی شمالی کوریا کے اہم اہداف پر حملوں جیسی مشق کررہے تھے۔
اس کا جواب دیتے ہوئے امریکی فضائیہ کا کہنا تھا کہ گوام کے فوجی اڈے پر موجود دو طیاروں نے جنوبی کوریا اور جاپان کے لڑاکا طیاروں کے ساتھ جزیرہ نما کوریا پر پرواز کی مشق کی تھی اور اس کا موجودہ حالات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔