شمالی شام میں باغیوں اور داعش میں خونریز جنگ ، 148 جنگجو مارے گئے

دمشق (نمائندہ وی او سی) شمالی شام کے قصبے الباب میں ترک حمایت یافتہ باغیوں اور شدت پسند تنظیم داعش کے درمیان ہونے والی خونریز جنگ میں داعش کے 138 جنگجو ہلاک ہوگئے جبکہ اس دوران ترک فوج کے حمایت یافتہ 10 باغی بھی مارے گئے۔
ترک فوجی حکام کا کہنا ہے کہ باغی فورسز نے کئی ہفتوں سے الباب کا محاصرہ کر رکھا تھا اور قصبے میں موجود ہسپتال کے نزدیک اہم دفاعی پوزیشنز سنبھال رکھی تھیں۔ ایک دفعہ یہ علاقہ حاصل کرلیا گیا تو داعش کی برتری ٹوٹ جائے گی۔ فوجی حکام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ لڑائی شدید ہوچکی ہے اور داعشی جنگجو خود کش حملہ آوروں کا استعمال کر رہے ہیں۔ الباب کے قبضے کیلئے لڑی جانے والی جنگ میں داعش کے 138 جنگجو جبکہ ترک فوج کے حمایت یافتہ 10 باغی بھی مارے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ ترکی کی جانب سے چار ماہ پہلے داعش اور کرد جنگجوؤں کو پیچھے دھکیلنے کیلئے آپریشن فرات شیلڈ شروع کیا تھا ۔ اس آپریشن کے دوران اب تک 20 ترک فوجی مارے جا چکے ہیں۔ تازہ ترین جھڑپوں میں 4 ترک فوجی مارے گئے ہیں جبکہ 15 زخمی ہوئے ہیں۔