شریف خاندان کو یقین ہے کہ انہیں سزا ضرور ملے گی-اوتزاز احسن
گجرات: پیپلزپارٹی کے رہنما بیرسٹراعتزازاحسن کا کہنا ہے کہ شریف خاندان کو یقین ہے کہ انہیں سزا ضرور ملے گی اس لئے نوازشریف اور ان کی صاحبزادی قانون کی دیوار توڑنا چاہتے ہیں۔
گجرات میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے رہنما پیپلزپارٹی سینیٹر اعتزازاحسن کا کہنا تھا کہ شریف خاندان کو یقین ہے کہ انہیں پاناما کی طرح دیگر کیسز میں بھی سزا ضرور ملے گی، نوازشریف کا پاناما میں سزا ہونا فطری بات ہے کیوں کہ عدالت کے پاس سابق وزیراعظم کو سزا دینے کے علاوہ کوئی راستہ ہی نہیں تھا۔
اعتزازاحسن کا کہنا تھا کہ نوازشریف اور ان کی صاحبزادی قانون کی دیوار توڑنا چاہتے ہیں، پورا شریف خاندان مکمل پروٹوکول کے ساتھ پیشی بھگتنے آتے ہیں لیکن عدالتیں ایک بار پھر شریف خاندان پر نرمی برت رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف اورشہبازشریف کے درمیان سرد مہری دورہ سعودی عرب میں ثابت ہوگئی اور دونوں بھائیوں کا ایک ہی دن مختلف ائیرلائنز میں آنا معنیٰ خیز ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سانحہ قصور پنجاب پولیس کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے، شریف خاندان نے پولیس کو گھر کی لونڈی بنا رکھا ہے۔