شریف برادران جمہوریت کو پٹری سے اتارنے کی پوری کوشش کررہے ہیں، عمران خان
اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ فوج کو برا بھلا کہنے کا مقصد یہ ہے کہ شریف مافیا منی لانڈرنگ کی سزا سے بچ جائے، جے آئی ٹی میں صحیح کام کرنے پر فوج کو برا بھلا کہا جارہا ہے، شریف برادران جمہوریت کو پٹری سے اتارنے کی پوری کوشش کررہے ہیں، حالانکہ عدلیہ کا فیصلہ نہ ماننے سے جمہوریت خود بخود ڈی ریل ہوگئی اور نظام انتشار کی طرف جارہا ہے، اب شریف خاندان کے خلاف ریاست مدعی ہے اور ریاست شریف خاندان کو بچانے کی کوشش کررہی ہے جس کی وجہ سے انتشار کی صورت حال پیدا ہوگئی ہے، یہ لوگ فوج کو اشتعال دلا رہے ہیں، حالانکہ ملکی تاریخ میں پہلی بار فوج کہہ رہی ہے کہ آئین و قانون کے ساتھ کھڑْے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ مجھے لگ رہا ہے کہ ہمیں اب آخری بار سڑکوں پر نکلنا پڑے گا، ہمیں دھرنے اور آنسو گیس کا پورا تجربہ ہے، ہماری خواتین کارکن ن لیگ کے مردوں سے زیادہ تجربہ کار ہیں، پورے ملک کو تیار کر رہا ہوں، جس دن یہ دیکھا کہ انہوں نے ہماری عدلیہ کو بدنام کیا تو اتنے لوگ اسلام آباد کی سڑکوں پر نکل آئیں گے کہ کھڑے ہونے کی جگہ نہیں ملے گی۔