شاہ سلمان کا بہترین کارکردگی پر وزیر داخلہ سے اظہار تشکر
ریاض(آئی این پی)سعودی عرب کے فرمانروا اور خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے ملک میں امن وامان کے قیام، آئین اور قانون کی رٹ قائم کرنے اور ملک کو ہرقسم کی دہشت گردی اور انارکی سے بچانے کے لیے بہترین کا کردگی کا مظاہرہ کرنے پر وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف بن عبدالعزیز کو مبارکباد پیش کی ہے۔
غیر ملکی میڈیاکے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی طرف سے وزیر داخلہ شہزدہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف کو ایک برقی پیغام میں ان کی صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔شاہ سلمان کا کہنا ہے کہ مملکت میں وامان کے قیام کے حوالے سے وزیر داخلہ اور ان کی ماتحت ٹیم سمیت تمام سیکیورٹی ادارے قابل قدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ گذشتہ برس کی نسبت رواں سال ملک میں قتل عمد کے واقعات میں 6.5 فیصد، لوٹ مار کے واقعات میں 14.5 فیصد، چوری اور ڈکیتی میں 2 فیصد، مسلح ڈکیتی میں 10.5 فیصد، ٹریفک حادثات میں19.7 فیصد، سمگلنگ میں 7 فیصد، غیر قانونی طور پر ملک میں داخلے کے واقعات میں 5 سے 35 فیصداور منشیات کے دھندے میں 95 فیصد کمی دیکھی گئی جو اس بات کا بین ثبوت ہے کہ وزارت داخلہ اور اس کے ماتحت سیکیورٹی ادارے بھرپور طریقے سے اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں انجام دے ہیں۔