شام پر حملے کسی بھی وقت ہوسکتے ہیں، برطانوی میڈیا
برطانوی اخبار نے دعوٰی کیا ہے کہ شام پر فضائی حملے آج رات سے شروع کیے جاسکتے ہیں، برطانوی آبدوزوں کو شام کو نشانےپر رکھنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
برطانوی وزیر اعظم کی جانب سےآج کابینہ کا ہنگامی اجلاس آج طلب کیا گیا ہے،جس میں حملےکی منظوری لینے کا امکان ہے،برطانوی وزیراعظم نے کہاہےکہ اتحادیوں کے ساتھ مل کر حکمت عملی بنارہے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے میزائل حملے کی دھمکی پر وائٹ ہاؤس نے واضح کیا ہےکہ صدر نے اپنے ٹوئٹ میں صرف ایک آپشن کا ذکر کیا، آپشن اور بھی بہت ہیں، لیکن ابھی شام پر حملے کےلیے حتمی فیصلہ یا وقت کا تعین نہیں کیا گیا۔ صدر ٹرمپ روس اورشام کو کیمیائی حملے کا ذمے دار سمجھتے ہیں، امریکا اور برطانیہ کی دھمکیوں پر روس اور ایران نے شام کا ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے۔
صدر پیوٹن نے اسرائیلی وزیراعظم کو بھی خبردارکیا ہےکہ وہ شام میں کارروائی سے گریز کریں۔
روسی فوج کا کہناہےکہ شام کی صورتحال اور امریکی بحریہ کی نقل و حرکت پر گہری نظر ہے، روسی فوج نے مبینہ کیمیائی حملے کو وائٹ ہیلمٹس نامی تنظیم کا ڈرامہ قرار دیاہے۔
ایران کے سپریم لیڈر کے مشیر نے شامی وزیرخارجہ سےملاقات میں غیر ملکی جارحیت کے خلاف ساتھ دینے کا یقین دلایا، ایران کے ممکنہ جوابی اقدام کے پیش نظر اسرائیل بھی چوکس ہوگیا ہے۔
مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت2014 کےبعدکی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ،امریکی خام تیل کی قیمت 67 ڈالر فی بیرل کے قریب آ گئی ہے جبکہ برینٹ خام تیل کی قیمت ایک ڈالراضافےسے72 ڈالرفی بیرل سےتجاوز کر گئی ہے، امریکی اسٹاک مارکیٹ میں مندی، تینوں انڈیکس میں گراوٹ دیکھی گئی ۔