انٹرنیشنل
شام میں کیمیائی حملے کی بھاری قیمت چُکانی پڑے گی، ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ شام میں باغیوں کے زیر قبضہ علاقے میں کیمیائی حملے کی بھاری قیمت چُکانی پڑے گی۔ شامی علاقے دوما میں سرکاری فوج کے مبینہ کیمیائی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ شام کے بےوقوفانہ حملے میں بچوں خواتین سمیت متعدد افراد ہلاک ہوئے، اس علاقے کو مکمل طور پر شامی فوج نے گھیرا ہوا ہے۔ مبینہ کیمیائی حملے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے امریکی صدر نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ شام میں کیمیائی حملہ بلاجواز ہے جس میں عورتوں اور بچوں سمیت بہت سے لوگ مارے گئے ہیں۔ جس علاقے میں سنگ دلی کا یہ مظاہرہ کیا گیا ہے وہ شامی فوج کے گھیرے میں اور بیرونی دنیا کے ناقابل رسائی ہے۔ صدر پیوٹن، روس اور ایران بشار الاسد کی حمایت کے ذمہ دار ہیں۔ اس کی بھاری قیمت چُکانی پڑے گی۔