شام ،عراق کا امن تباہ کرنے والی قوتوں کا اگلا ہدف پاکستان اور سعودی عرب ہیں: حافظ عبدالغفار روپڑی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)جماعت اہلحدیث کے امیر حافظ عبدالغفار روپڑی، پنجاب کے امیر حافظ عبدالوحید شاہد روپڑی اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولانا شکیل الرحمن ناصر نے کہا ہے کہ شام ،عراق کا امن تباہ کرنے والی قوتوں کا اگلا ہدف پاکستان اور سعودی عرب ہیں،اسلام دشمن قوتیں عالم اسلام میں انتشار پیدا کرنے کی سازشیں کررہی ہیں اور انکا مہرہ ہمیشہ ایران ہی رہا ہے۔
جامع القدس میں مشاورتی اجلاس کے بعد رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پوری امت مسلمہ سعودی عرب اور پاکستان کے تحفظ کیلئے کسی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کرے گی،بعض ہمسایہ ممالک اس وقت اسلامی ممالک میں بد امنی اور انتشار کا خود سبب بن رہے ہیں اورمغربی ممالک کے ایجنڈے پراسلام دشمن قوتوں کے ساتھ مل کر گامزن ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کے پر عزم دفاع کے ساتھ ساتھ ارض حرمین الشریفین اور عالم عرب کا مشترکہ دفا ع مضبوط سے مضبوط تر بنانے کیلئے اسلامی عسکری اتحاد کو مضبوط بنانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ نفرتوں کی سیاست ملک و قوم کے لئے تباہ کن ہے، سیکولر لابی کے مقابلہ کے لئے دینی قوتیں متحد ہو جائیں، ہم اقتدار نہیں اقدار کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں، آئندہ الیکشن مقررہ وقت پر ہونے سے جمہوریت مضبوط ہو گی، ملک کسی نئی شدت پسندی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔