پاکستان
سی ڈی اے نے بنی گالہ میں عمران خان کی رہائشگاہ غیرقانونی قرار دے دی
اسلام آباد: (نیوز وی او سی آن لائن) سی ڈی اے نے عدالت عظمیٰ میں جمع کرائے گئے جواب میں کہا ہے کہ بنی گالہ میں عمران خان کی رہائشگاہ سمیت 122 عمارات غیرقانونی ہیں۔ اسلام آباد کے زون 3 اور 4 میں یہ تعمیرات زوننگ ریگولیشن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بنائی گئی ہیں، اس لئے ان کو گرانے کی ضرورت ہے۔ غیرقانونی قرار دی گئی عمارتوں کی فہرست میں عمران خان کی رہائشگاہ 92 ویں نمبر پر ہے۔ جواب میں بتایا گیا ہے کہ بنی گالہ میں درختوں کی کٹائی روکنے کے لئے دفعہ 144 لگا دی گئی ہے۔ یاد رہے کہ بنی گالہ میں تجاوزات کی نشاندہی عمران خان نے سپریم کورٹ کو خط میں کی تھی جس پر چیف جسٹس نے ازخود نوٹس لیتے ہوئے سی ڈی اے سے جواب طلب کیا تھا۔