سی ویو پر نوجوان کا قتل:واقعے کی گتھی مزید الجھ گئی
کراچی 5 دسمبر 2017
(بیورو رپوٹ پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
پولیس نے ملزم خاور برنی کو جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں پیش کیا۔پولیس نے عدالت کو بتایا کہ اس واقعے میں پورا گروپ ملوث ہے اور تقریباً 10 مفرور ملزمان کو گرفتار کرنا ہے۔پولیس نے مزید بتایا کہ ملزم کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا لائسنس یافتہ اسلحہ اور گاڑیاں بھی برآمد کرلی گئیں ہیں جبکہ واقعے میں ملوث مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ مقدمے میں انسداد دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی جائیں۔پولیس نے عدالت سے ملزم کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، تاہم عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ملزم خاور برنی کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا۔دوسری جانب تفتیشی افسر کو حکم دیا گیا کہ آئندہ سماعت پر فرانزک رپورٹ بھی عدالت میں پیش کی جائے۔فائرنگ کرنے والے ملزم خاور برنی کا موقف ہے کہ اس نے حادثہ دیکھا تو مرسڈیز گاڑی کو روکنے کی کوشش کی، ملزم کے مطابق اس نے فائرنگ گاڑی روکنے کے لیے کی تھی، تاہم غلطی سے گولیاں اندر بیٹھے لڑکوں کو لگ گئیں۔دوسری جانب مرسڈیز کی ٹکر سے گرنے والے موٹرسائیکل سوار ڈاکٹر عبدالرحیم نے بھی قتل سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نہ تو وہ مقتولین کو جانتے ہیں اور نہ ہی فائرنگ کرنےوالے خاور کو جانتے ہیں۔