سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے مطلوب ملکیت حقیقی کی معلومات کمیشن کو فراہم کرنے کے لئے فارمز مشتہر کر دیئے
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا )
سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی ) نے کمپنیز ایکٹ 2017ءکے دفعہ 452 کے تحت مطلوب ملکیت حقیقی کی معلومات کمیشن کو فراہم کرنے کے لئے فارمز مشتہر کر دیئے ہیں۔
اس حوالے سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کا ضمیمہ نمبر ایک اس فارم کی صراحت کرتا ہے جس پر حصص دار یا کمپنی کا افسر جو پاکستان کا شہری بشمول دوہری شہریت کا حامل ہو، غیر ملکی کمپنی یا باڈی کارپوریٹ میں اپنی حصص داری یا دیگر مفاد کا، ایسی حیثیت یا مفاد کا حامل ہونے کے تیس دن کے اندر اندر کمپنی کے پاس اظہار کرے گا۔ ضمیمہ دو کمپنی کی جانب سے سال کے دوران اس ایکٹ کے آغازِ نفاذ سے 60 دِن کے اندر اندر اور بعدا زاں اپنے سالانہ گوشواروں کے ساتھ جیسا کہ ایکٹ کے تحت مطلوب ہے درج بالا موصول شدہ معلومات کمپنی رجسٹرار کو رپورٹ کرنے کے فارم کی صراحت کرتا ہے۔ نئے قانون میں نمایاں حصص دار کی تعریف ایسے شخص کے طور پر کی گئی ہے جو کسی کمپنی میں کم از کم دس فیصد حصص داری یا ووٹنگ کے اختیار کا حامل ہو۔ افسر میں کوئی بھی ڈائریکٹر،چیف ایگزیکٹو، چیف فنانشل افسر، کمپنی سیکرٹری یا کمپنی کا کوئی دیگر مجاز افسر شامل ہے۔
درج بالا معلومات ایس ای سی پی کے لئے عالمی رجسٹر برائے بینیفشل اونر شپ (حقیقی ملکیت) تیار اور برقرار رکھنے میں معاون ہوگی۔ اس کا بنیادی مقصد نمایاں حصص داروں اور کمپنی کے افسران کی حقیقی ملکیت کی معلومات کے حوالے سے زیادہ شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔