سیاست بچتی ہے بچے ، نہیں بچتی نہ بچے ، سچ بولنے سے نہیں رکیں گے-سعد رفیق
وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان مکمل طور پر آزاد ملک نہیں ہے، ایسے ملک نہیں چلے گا،ہم مکمل آزادی چاہتے ہیں ۔
لاہور میں تقریب سے خطاب میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہماری باتوں کو حملہ تصور نہ کیا جائے، سیاسی جماعتیں اور غیر سیاسی مقام پر بیٹھے افراد مہم جوئی کا نہ سوچیں۔
ان کا مزید کہناتھاکہ سیاست بچتی ہے بچے ، نہیں بچتی نہ بچے ، سچ بولنے سے نہیں رکیں گے ، آج بھی کہتے ہیں کل بھی کہیں گے پرسوں بھی کہیں گے نوازشریف کے ساتھ ناانصافی کی گئی ۔
ؒخواجہ سعد رفیق نے یہ بھی کہا کہ میرے اندار قوت برداشت پیدا کرنے میں شہبازشریف صاحب کا کردار ہے ،ساڑھے4 سال سازش ہوئی ، دھرنےہوئے،ایمان اور عقیدے پر حملے کے ساتھ بہتان بھی لگائے گئے ، کون سا حملہ ہے جو ن لیگ کے خلاف نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ایک پارٹی نے کراچی اور سندھ کو کھنڈر میں بدل دیا اور اس کے رہنما کہتے ہیں ہمیں جب چاہیں نکال دیں گے ،زرداری صاحب خدا کے لہجے میں بات نہ کریں ۔
وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ جو میٹرو کو جنگلہ بس کہتے تھے آج پشاور میں وہی کام کررہے ہیں ہو نہیں رہا،شہباز شریف سال کا کام ایک مہینے میں کرتے ہیں ،جو چاہےرکاوٹیں ڈالو’ ان شاءاللہ‘ شہباز میٹرو ٹرین چلالیں گے۔
ان کا مزید کہناتھاکہ اداروں کی محاذ آرائی سے انتشار ہوگا،مسلم لیگ ن پاکستان کی نظریاتی لائن آف ڈیفنس ہے ،بلوچستان میں 522 ووٹ لینے والے کو بٹھا دیا گیا،ہماری باتوں کو حملہ اور ہمارے مشوروں کو غیر ذمے داری نہ سمجھا جائے۔
سعد رفیق نے کہا کہ نوٹس ایسے ادارے کی طرف سے آتے ہیں جس کی اپنی ساخت میں ٹھیک ہونے کی ضرورت ہے،فیصلہ لوگوں کا چلے گا، سینیٹ الیکشن کے راستے میں رکاوٹ نہ کھڑی کی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری اکثریت آئے گی تو کیا ہم ملک کے خلاف کام کریں گے؟ نواز شریف نے 2018ء کے لیے شہباز شریف کو وزیر اعظم کا امیدوار بنایا ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے نے یہ بھی کہا کہ باب پاکستان کا اصل کریڈٹ غلام حیدر وائیں اور نواز شریف کو جاتا ہے،یہ منصوبہ گریٹر اقبال پارک سے زیادہ اچھا ہوگا،جو4ارب کے خرچ سے 2برس میں مکمل ہوگا۔